بی جے پی حکومت کے جارحانہ اقدامات امن کیلئے خطرہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کو ان کا حق خودا رادیت ملنے تک غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ اجلاس کے شرکاء نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 15 جنوری کو مسئلہ کشمیر پر غور کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر غور صورتحال کی سنگینی کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔ اجلاس میں 5 فروری کو 'یوم یکجہتی کشمیر' بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور کہاگیاکہ 'آر ایس ایس' سے متاثر بی جے پی حکومت کی مسلمان اور کشمیر مخالف ہندوتوا کی سوچ خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کرنے کی ذمہ دار ہے۔ جمعرات کو وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ وادی کی صورتحال کے تمام پہلوئوں کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں 165 روز سے جاری بھارت کے غیر انسانی لاک ڈائون اور 9 لاکھ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے حقوق کی پامالیوں کی مذمت کی۔شرکا کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)حکومت کے متشدد بیانات اور جارحانہ اقدامات کے باعث علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔ وزیر اعظم نے کشمیریوں کو ان کا حق خودا رادیت ملنے تک غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اجلاس بلانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنگین صورتحال کا اعتراف ہے۔ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے لکھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ یواین سیکیورٹی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دوبارہ زیربحث آئی اور عالمی سطح پرتسلیم شدہ تنازعہ سکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے عمران خان نے اعادہ کیا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کے کونسل نے حال ہی میں دوسرا اجلاس چین کی درخواست پر طلب کیا تھا۔کونسل کے تمام15 اراکین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبروبربریت کے سبب کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال سمیت لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس اہم ملاقات میں مشرق وسطٰی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔