حارث رؤف کی قومی ٹیم میں شمولیت خواب کی تعبیر ہے:عاطف رانا
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کی بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شمولیت خواب کی تعبیر ہے۔ پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے آغاز کے وقت ہم نے جو اہداف مقرر کیے تھے ان میں کامیابی حارث رؤف کی آسٹریلیا میں عمدہ کارکردگی اور مختصر وقت میں قومی ٹیم میں شمولیت کی صورت میں سب کے سامنے ہے۔ حارث رؤف بارش کا پہلا قطرہ ہے فاسٹ باؤلر کی ٹیم میں شمولیت سے نوجوان کرکٹرز میں امید پیدا ہوئی ہے۔ چار سال قبل شروع ہونیوالے پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ یہ ایک مشکل اور صبر آزما منصوبہ تھا جس میںکامیاب رہے ہیں۔ تنقید کا سامنا کرنا پڑا، مذاق بنا، لوگوں نے بہت برا بھلا کہا، سابق کرکٹرز نے بہت تنقید کی لیکن ہمت نہیں ہاری کیونکہ ہمارا مقصد صرف پاکستان سپر لیگ جیتنا نہیں نوجوانوں میں امید پیدا کرنا تھا۔ خوشی ہے آج ہمارے اقدامات، کوششیں اور نتائج سب کے سامنے ہیں۔ ہمارے لیے پاکستان کی بہتری، کھیلوں کے میدانوں کو آباد رکھنا، سارا سال پاکستان سپر لیگ کے شائقین کو اس کے اتھ جوڑے رکھنا اور نوجوانوں کو ان کی منزل تک پہنچانے کیلئے سہولیات فراہم کرنا سب سے اہم ہے۔ پہلے دن سے آج تک پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ حارث کے بعد کئی اور کھلاڑی بھی تیار ہو رہے ہیں وقت آنے پر وہ بھی کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کریں گے۔ ہم آج بھی اسی جوش و جذبے اور لگن کیساتھ کام کر رہے ہیں۔ دیگر فرنچائز گراس روٹ پر کام کریں نہ کریں ہم ہر صورت سارا سال مصروف رہیں گے۔ ملک کے ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنے ہیں اور انہیں دنیا میں پاکستان کے بہترین سفیر کے طور پر پیش کرنا ہے۔ ہم کوئٹہ جائیں گے وہاں ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام کا اعلان کر رکھا ہے۔ بلوچستان کے نوجوان کرکٹرز سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے۔ کوئٹہ سے گورننگ بورڈ کے رکن شاہ دوست دشتی کی دعوت پر خوشی ہوئی ہے۔ کوئٹہ والوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کا ہے۔ پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا اور کامیاب برانڈ ہے جس نے بین الاقوامی سطح پر ملک کے خوش کن تاثر کو ابھارا ہے۔ ہمارا سب سے بڑا مقصد اس لیگ کے ذریعے ملک میں حقیقی تبدیلی لانا ہے۔ ملک میں کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو ہر طرف سے مثبت تبدیلی آئے گی۔