ایشیا بیس بال کپ ‘قومی ٹیم بھی شرکت کریگی‘تیاریوں کا آغازکر دیا: فخر علی شاہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے شہر کوالمپورمیں 9 اپریل سے شروع ہونیوالے چارروزہ پہلے بی فائیو ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم شرکت کریگی جس کیلئے تیاریوں کاآغازکردیا گیا ہے ایشیا کپ کیلئے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی مشاورت سے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تیار کریں گے ایشیا کپ سے قبل 7 تا 8 اپریل کو کوالالمپور میں فرسٹ ڈبلیو بی ایس سی بیس بال 5 ٹیکنیکل کمیشن، سکورر اور امپائرز سیمینار میں بھی پاکستانی آفیشلز شرکت کریں گے اس بات کا اعلان انہوں نے اپنے دفترمیں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکرٹری آصف عظیم کی قیادت میں آئے وفد سے ملاقات کے موقع پرکیا۔ جوشیلاسپورٹس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سمیع الرسول اورسافٹ بال فیڈریشن کی چیئرپرسن تہمینہ آصف بھی موجود تھیں۔ سیدفخر شاہ نے کہا کہ مستقبل کو مدنظررکھتے ہوئے بی فائیو کے کھیل میں باصلاحیت کوچز اورنمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو بیرون ممالک ٹریننگ کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے تاکہ ان کے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہوسکے اور وہ بہترین ٹیم تیار کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔