جلد اپوزیشن رہنماؤں کیخلاف بدعنوانی کے نئے مقدمے سامنے آئینگے: فواد چودھری
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے واحد مقبول اور متحرک رہنما ہیں جو ملک میں استحکام لانے کے لئے معاشی اور دیگر بحرانوں کو ختم کرنے کے لئے شب و روز کوششوں میں مصروف ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا آصف علی زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف سندھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب تک محدود رہ گئی ہے۔ چوہدری فواد نے دعوی کیا ہے کہ جلد ہی اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے نئے مقدمات سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف احتساب کے عمل جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام میں سب سے زیادہ مقبول سیاسی جماعت ہونے کے ناطے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعہ خالصتا میرٹ پر ملازمت کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔