• news

بھارت اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائے، پاکستان: انڈین سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، پراپیگنڈا مسترد

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت اپنے گھر کو درست کرے اور دوسرے ممالک کے معاملات پر سیاست کرنے سے اجتناب کرے۔ دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے بھارتی پرا پیگنڈے پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستان نے بھارت کی طرف سے انفرادی واقعات کو اقلیتوں کے حقوق سے جوڑنے کا بے بنیاد بھارتی پراپیگنڈہ مسترد کر دیا اور بھارت کو بتایا گیا ہے کہ اس کی یہ سازشیں بھارت کے اپنے اندر اقلیتوں سے ناروا سلوک اور شہریت قوانین جیسے امتیازی اقدامات سے توجہ نہیں ہٹا سکتیں، ان ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر بھی پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی سفارتکار کو بتادیا گیا کہ پاکستان کے آئین کے مطابق اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں، پاکستانی قانون ملکی شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، بھارتی حکام اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ڈھونگ رچانے سے باز رہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے گھر کو درست کرے اور دوسرے ممالک کے معاملات پر سیاست کرنے سے اجتناب کرے، بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

ای پیپر-دی نیشن