• news

آٹا بحران: قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے، شہباز شریف: وزیراعظم نے دوستوں کو نوازا، بلاول

لندن، اسلام آباد (عارف پندھیر، سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گندم و آٹے کی قیمت میں اضافہ اوربحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تاریخی گندم بحران اورآٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں، قوم کو اصل حقائق کے بارے میں بتایاجائے۔ قوم کو بتایا جائے کہ گندم کا سٹاک کہاںگیا؟ کیا سمگل ہوگیا؟ کہاں غائب ہوگیا؟ اس کا ذمہ دار کون ہے ؟ گندم اور آٹے کے بحران سے کون فائدہ اٹھارہا ہے ؟ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں الحمداللہ فصلوں کی ریکارڈ پیدوار ہوئی اورگندم کا بھرپور سٹاک موجود تھا۔ ہمارے دور میں الحمداللہ پاکستان گندم برآمد کر رہا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں گندم اور آٹے کا بحران جاری ہے، وزیراعظم، وزیر خوراک سمیت تمام ذمہ داران غائب ہیں۔ عوام کو ملک بھر میں سرعام لوٹا جا رہا ہے اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کی آنکھیں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہر پل گندم، آٹے اور روٹی کے ستائے عوام کی دہائی دے رہا ہے لیکن وزیراعظم نے شاید اب تک ٹی وی آن نہیں کیا؟ قائد حزب اختلاف نے کہاکہ عمران نیازی صاحب لاو لشکر کے بغیر عام آدمی کے طورپر بازار جائیں تاکہ آٹے دال کا بھاو معلوم ہو۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتی غفلت، لاپرواہی اور بدانتظامی کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے۔ شہبازشریف نے سوال کیا کہ گندم کی قلت کا ذمہ دار کون ہے؟ اس کا تعین کیاگیا؟ گندم کی فراہمی میں کوئی گڑبڑ تھی تو اس کا اب تک نوٹس کیوں نہیں لیاگیا؟ اگر مسئلہ گندم کی فراہمی کا ہے تو فوری گندم فراہم کرکے اس مسئلے کو حل کیوں نہیں کیا گیا؟ عمران نیازی صاحب ٹویٹس کرنے کے بجائے گندم اور آٹے پر فوری اجلاس بلاتے؟ بتائیں ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی؟ بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس چینج ایک قانونی اور آئینی طریقہ کار ہے، یہ پارلیمنٹ کا حق ہے، وہ جب بھی چاہے اس کو استعمال کرسکتی ہے ، ان ہاؤس تبدیلی کی بات غیرسیاسی ہے اور نہ ہی غیر آئینی ہے۔ کوئی دو رائے نہیں کہ اس وقت پاکستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، آٹے اور گندم کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، 70 سالہ تاریخ میں آج آٹے کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا کہ ابھی تک نیب نے ایک لفظ بھی بولا اور نہ ہی کوئی ریفرنس دائر کیا ہے لیکن وزرا نے پہلے ہی بیان دینا شروع کر دیئے ہیں جس سے واضح ہوگیا ہے کہ یہ نیب نیازی کا ناپاک گٹھ جوڑ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گندم کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے گندم پیدا کرنے والے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنا دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے 40ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر جان بوجھ کر آٹے کا بحران پیدا کر دیا ہے۔ عمران خان نے اپنے مخصوص دوستوں کو نوازنے کے لئے آٹے کا بحران پیدا کیا۔ حکومت کے گودام بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جاتی۔ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت گندم کے بحران کی مکمل ذمے دار ہے۔ عمران خان کے صرف نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا سلیکٹڈ وزیراعظم بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ بلوچستان میں آٹے کے بحران نے سنگین مسائل پیدا کر دئیے ہیں جبکہ عمران خان دعوے کرنے سے باز نہیں آرہے۔ اور صوبے کے عوام کو فائن آٹا نہ کھانے کے مشورے دے رہے ہیں۔ عمران حکومت کا اپنے گوداموں سے سندھ کو آٹے کی فراہمی روکنا بڑی ناانصافی ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں عوام آٹے کے حصول کے لئے قطاروں میں کھڑے ہیں۔ ایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا جو حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔ گیس، بجلی اور پٹرول مہنگا کرنے سے بنیادی ضروریات کی تمام اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں۔ ملک میں آج تاریخ کی مہنگی ترین قیمتوں پر آٹا فروخت ہو رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنما فدا حسین ڈھکن کے بھائی کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہارکے ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور غمزدہ لواحقین کو یہ دکھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے:پی پی پی رہنما و میڈیا سیل بلاول ہاوَس کے میڈیا کوآرڈینیٹر فدا حسین ڈھکن کے بھائی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ای پیپر-دی نیشن