16 ماہ قبل ایک خودکشی ہوجاتی تو کروڑوں عوام بچ جاتے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے اگر 16 ماہ پہلے ایک شخص خود کشی کر لیتا تو آج کروڑوں عوام خود کشی سے بچ جاتے۔ ملک میں آٹے کے بحران پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 16 ماہ میں گیس 250 فیصد مہنگی، آٹا ختم، تنور بند ہونا افسوسناک اور شرمناک ہے، عمران صاحب نئے پاکستان میں آٹا ختم، تندور بند اور عوام لنگر سے روٹی کھائیں؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ 15کی روٹی اور 20 روپے کے نان کے بعد آٹے کا بحران حکومت کی بدترین نالائقی ہے۔ عمران صاحب 16 ماہ پہلے اگر ایک خودکشی ہو جاتی تو کروڑوں عوام خود کشی کرنے سے بچ جاتے۔ عمران صاحب مکان، دکان، کاروبار اور مزدوری تباہ کرنے کے بعد اب غریبوں کا آٹا بھی بند کر دیا، عمران صاحب عوام آپ کی مزید نالائقی، نااہلی اور جھوٹوں کی متحمل نہیں ہو سکتے۔