آٹا قلت جعلی حکومت کی بدترین ناکامی ہے: مولانافضل الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور بحران کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بحرانی حالات میںکو ئی ذمے دار سامنے نہیں آرہا ہے اور نام نہاد حکومت سکرین سے آئوٹ ہے۔ مرکزی میڈیا آفس کے مطابق وہ پارٹی رہنمائوں مولانا محمد امجد خان، حافظ حسین احمد، محمد اسلم غوری سے گفتگوکررہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ناہل حکومت بحرانوں کو لانے کے لئے آئی ہے۔ ملک میں آٹے کا بحران تو جعلی حکومت کی بد ترین ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے اصل حقائق کیا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آٹا بحران کے ساتھ ساتھ گیس بحران نے قوم کو نام نہاد حکومت کی اصلیت دکھا دی ہے۔ آٹا اور روٹی کی قیمتوں اضافہ عوام کے منہ سے روٹی کانوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے غریب عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے راہنمائوں مولانا عبد الغفور حیدری، حاجی محمد اکرم خان درانی، مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ ملک میں آٹے اور روٹی کی قیمتوں اضافے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے لیکن پی ٹی آئی کی نااہل حکومت سب اچھا کی رٹ لگائے جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نام نہاد حکومت کی غلط پالیسیوں اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور حالات یہاں تک پہنچ گے ہیں غریب خودکشیاں کر نے پر مجبور ہورہے ہیں۔ بغیر کسی پلاننگ کے جعلی دعوے کر نے والوں کا عوام کے سامنے حقیقی روپ آگیا ہے۔ موجودہ حالات میںنام نہاد حکومت سے آزادی اور چھٹکارہ وقت کی اہم ضرورت ہے جو اب نا گزیز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جے یو آئی کا نعرہ نام نہاد حکمرانوں سے آزادی وقت اور قوم کا نعرہ بن چکا ہے۔