• news

مجھے نہیں لگتا ایم کیوایم فوری طور پر پی ٹی آئی حکومت سے الگ ہوجائیگی ،سعید غنی

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ ایم کیوایم فوری طور پر پی ٹی آئی حکومت سے الگ ہوجائے گی ، پوری کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تو انہیں خود عہدہ چھوڑ کر چلے جانا چاہئے تھا اور کام جاری نہیں رکھنا چاہئے تھا۔ہم اگر کسی پولیس افسر کا تبادلہ کرتے ہیں تو وہ حکم امتناع لے کر آجاتا ہے ، اگر وفاقی حکومت کے مانگنے پر کسی افسر کی خدمات ہم وفاق کے حوالہ کرتے ہیں تو وہ اس پر کوئی حکم امتناع لے کر آجاتا ہے ،اس طرح حکومتیں نہیں چلتیںاور اس طرح معاملات ٹھیک نہیں ہوتے ہیں ، قانون کے مطابق حکومت کی جو رٹ اور اتھارٹی ہے اس کو بحال کرنا چاہئے ، اس کو سنبھالنا چاہئے اور اس کو سمجھنا چاہئے۔ اگر حکومت تمام اتحادیوں کو فوری طور پر راضی کر بھی لیتی ہے تو میرے خیال میں یہ مسئلہ 20،25دن بعد پھر اٹھے گا، اس لئے کہ جو انہوں نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ وعدے کے لئے ہیں ان پر ڈیڑھ سال میں تو ایک انچ آگے نہیں بڑھے اور اب ایک ماہ کے اندر اس پر کتنا عملدرآمد کر سکیں گے مجھے اس کا کوئی امکان نہیں لگتا۔ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے 10روز تک کوئی گاڑی نہیں چل سکی اور اس کی وجہ سے سندھ میں بھی گندم کی کمی ہوئی اور اس کی وجہ سے مسائل پیداہوئے ہیں ، ابھی ہڑتال ختم ہوگئی ہے اور دوبارہ سے گاڑیاں آنا شروع ہو گئی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ پانچ ، چھ روز کے اندر جو کمی آئی تھی اس کو پورا کرلیں گے اور آٹے اور گندم کا بحران ختم ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار سعید غنی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صرف ایک اتحادی کے پیچھے نہیں دوڑ رہی بلکہ جتنے ان کے اتحادی ہیں جن میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، پاکستان مسلم لیگ (ق)، ایم کیوایم اور جی ڈی اے سب کے پیچھے ان کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں اور یہ کوشش کررہے ہیں کسی طرح سب راضی رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن