• news

الیکشن کمشنر، ارکان کی تعیناتی پر اپوزیشن کے ساتھ آج مذاکرات ہونگے: پرویز خٹک

نوشہرہ‘ اسلام آباد (نوائے قت رپورٹ‘ آئی این پی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے مانکی شریف میں اپنی رہائش گاہ پر غیررسمی گفتگو میں کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے جائز مطالبات وزیر اعظم کے سامنے پیش کر دیئے ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے جو مطالبات رکھے ہیں وہ سب کے اجتماعی مسائل ہیں۔ خالد مقبول صدیقی خود دوبارہ کابینہ میں نہیں آنا چاہتے۔ الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر آج اپوزیشن کیساتھ مذاکرات ہونگے۔ حکومت قانون سازی کے عمل میں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلے گی۔ دریں اثناء چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمشن کی تقرری کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا بارہواں اجلاس آج پیر کو ہوگا‘ جس میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری کے معاملے کا جائزہ لیا جائیگا‘ کمیٹی اجلاس شام چار بجے چیئر پرسن ڈاکٹر شیریں مزاری کی صدارت میں ہوگا‘ کمیٹی چیئر پرسن سمیت 11 ارکان پر مشتمل ہے‘ جن میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن