بیروت: خراب معاشی صورتحال، حکومت مخالف پرتشدد مظاہرے، 334 زخمی، درجنوں گرفتار
بیروت (نیٹ نیوز/ این این آئی) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں خراب معاشی صورحال کے خلاف احتجاج پرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہو گیا۔ احتجاج میں مظاہرین نے حکومتی تبدیلی کو ناکافی قرار دینے کے ساتھ مہنگائی اور ٹیکسوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 334 افرادزخمی ہو گئے جبکہ درجنوں مظاہرین کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ این این آئی کے مطابق بیروت میں احتجاجی مظاہرے کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 75 افراد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیروت میں لبنانیوں نے پارلیمان کے نزدیک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے انھیں پارلیمان کی عمارت کے نزدیک جانے سے روکنے اور منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے پھینکے اورپانی توپ کا استعمال کیا، عینی شاہدین کے مطابق پولیس کے لاٹھی چارج کے جواب میں نوجوان مظاہرین نے پتھراؤ کیا اور پولیس اہلکاروں کی جانب گملے بھی پھینکے۔ مظاہرین نے بیروت کے مختلف علاقوں سے چھوٹی چھوٹی ٹولیوں کی شکل میں نکلنا شروع کیا تھا اور پھر وہ ریلیوں کی صورت میں شہر کے مرکزی حصے میں واقع پارلیمان کی جانب بڑھنا شروع ہوگئے تھے۔ اس مظاہرے کا نعرہ ’’ ہم قیمت نہیں چکائیں گے‘‘ تھا۔