• news

آٹا بحران کی ذمہ دار سندھ حکومت، میڈیا پر منفی پراپیگنڈا چل رہا ہے: فردوس عاشق

سیالکوٹ(نامہ نگار) وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے سندھ حکومت کو چار لاکھ ٹن گندم کی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے جس میں سے ایک لاکھ ٹن گندم سندھ حکومت کو فراہم کردی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے بروقت خریداری نہیں کی جس کی وجہ سے آٹے کا بحران پیدا ہوا۔ ایم کیو ایم سمیت تما م اتحادیوں کے ساتھ مثبت بات چیت آگے بڑھ رہی ہے اور جلد اس معاملہ پر خوش خبری دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت میڈیا کی سکرین پر آٹے کی سپلائی اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ چل رہا ہے۔ پنجاب بڑا صوبہ ہے اور یہاں ملک کی ساٹھ فیصد گندم پیدا ہوتی ہے اور سرکاری سطح پر سٹاک بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا اگر سندھ کے اندر شارٹیج ہے اور جہاں ڈیمانڈ سپلائی کا گیپ آئے گا وہاں قیمت بڑھ گئی تو وہ سٹاک کا ایشو نہیں سپلائی کا ایشو ہے۔ کیونکہ سندھ حکومت اس گندم کو اپنی صوبائی ملوں تک پہنچانے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے وہ فلور ملیں پوری گنجائش پر کام نہیں کر رہیں۔ جس کی وجہ سے قیمت بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت جو میڈیا پر نڈھال نظر آتی ہے وہ گندم کی سپلائی چین کو فی الفور بروئے کار لاتے ہوئے گندم کو فلور ملوں تک پہنچائے تاکہ وہاں آٹے کی قیمتیں نیچے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 814فلور ملوں کو پنچاب حکومت 25ہزار تین سو نوے ٹن روزانہ فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب میں آٹے کے 368سیل پوائنٹ اور 181 ٹرکنگ سٹیشن بنائے گئے تاکہ اگر کو مافیا قیمتیں جان بوجھ کر بڑھا رہا ہے اورذخیرہ اندوزی کر رہا ہے تو ان سیل پوائنٹس کی ذریعے اور ان ٹرکنگ سٹیشنز کے ذریعے قیمتوں کو نیچے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنچاب بھر کی ایسی چکیاں اور فلور ملیں جہاں مہنگاآٹا بک رہا تھا پنجاب حکومت نے وزیراعظم کی ہدایت پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ چھ اضلاع میںاپنے آفیسرز کو معطل کیا ہے اور پھر برطرف کیا ہے۔ یہ وہ افراد تھے جو آٹے کی چکیوں اور فلور ملوںکے ساتھ ملی بھگت کر کے قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنے میں مصروف تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فلور ملیں آٹا 20 کلو کا تھیلا 805روپے سے زائد پر فروخت نہیں کر سکتیں۔ حکومت نے ہیلپ لائن 080060606کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اگر کوئی فلور مل یا چکی 805 روپے سے زائد قیمت پر20 کلو آٹا فروخت کر تو عوام اس ہیلپ لائن سے حکومت کا آگاہ کریں۔ کالے دھن والے زرعی اجناس کی زخیرہ اندوزی کر رہے ہیں اور ان ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ مسلسل یہ تاثر دے رہا ہے کہ حکومت اپنی معیاد پوری نہیں کرے گی کیونکہ اتحادی ان سے لاتعلق ہو رہے ہیں۔ دیوانے کے خواب دینے والے سیاسی یتیم سن لیں کہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر پانچ سال انشاء اللہ پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کردار اور اداکار میں مقابلہ ہے، عثمان بزدار ایک کردار کا نام ہی جبکہ اس سے پہلے ایک اداکار تھے۔ ہمیشہ کردار زندہ رہتے ہیں اور کردار ہی جیتتے ہیں۔ اداکار کا رول اشتہارات سے جڑا ہوا ہوتا ہے اور جتنی دیر وہ رول ادا کرتے ہیں اداکار کے طور پر اور اب عوام دیکھ رہے ہیں کہ وہ کہاں بیٹھ کر اداکاری کر رہے ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ ان کے حقیقی خادم کون ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن