• news

پاکستان سپر لیگ ‘ پہلی بارہر میچ میں ٹکٹوں کی قیمت مختلف رکھنے کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں پہلی بارہر میچ کی ٹکٹ کی قیمت مختلف رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سیزن 5 کے ہر میچ کی ٹکٹ مختلف رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار ٹکٹوں کی قیمتوں کا فیصلہ میچ کی نوعیت دیکھ کر کیا جائے گا، جیسا کہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی ٹکٹ کی قیمت سب سے زیادہ ہوگی، کیونکہ پی ایس ایل میں شائقین سب سے زیادہ میچ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا دیکھنا پسند کرتے ہیں، تاہم ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں شیڈول پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کی ٹکٹ کی قیمت 1 ہزار سے لیکر 6 ہزار تک رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کے میچز کی آئن لائن ٹکٹیں 20 جنوری سے فروخت ہوں گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے تمام میچ پاکستان ہورہے ہیں، لاہور 14، کراچی 9، راولپنڈی 8 اور ملتان 3 میچوں کی میزبانی کرے گا۔افتتاحی تقریب 20 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔ فائنل 22 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ ٹورنامنٹ کے لیے جوش و خروش بڑھایا جائے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی منظور شدہ سکیورٹی کنسلٹنٹ نے چاروں گرائونڈز کی سکیورٹی کو کلیئرنس دے دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن