• news

نواز شریف کی درخواست، سرکاری وکیل سیاست نہ کریں، اب تو کچھ اور لوگ بھی وہاں جانے کی تیاری کر رہے ہیں: ہائیکورٹ

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر وفاقی حکومت کو قانون کے مطابق قانونی چارہ جوئی کی ہدایت کر دی۔ دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے نواز شریف کی درخواست پر سماعت کی جس میں حکومت کے بیرون ملک علاج کیلئے شرائط کو چیلنج کیا گیا۔ نواز شریف کے وکیل نے بتایا کہ سابق وزیراعظم ابھی برطانیہ میں زیر علاج ہیں اور ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں داخل کرا دیں۔ دو رکنی بنچ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار نواز شریف کب واپس آئے گے۔ سابق وزیراعظم کے وکیل بے بتایا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انہیں فٹ قرار دیں گے واپس آ جائیں گے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نشاندہی کی کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نکتہ اٹھایا کہ عدالت نے جو چار ہفتوں کا وقت دیا تھا وہ ختم ہو چکا ہے۔ نواز شریف وہاں پر گھوم پھر رہے ہیں اور برگر کھا رہے۔ نواز شریف کے وکیل نے اعتراض کیا کہ عدالت نے روزے رکھنے اور گھر سے باہرنہ نکلنے کا نہیں کہا تھا۔ جسٹس چودھری مشتاق احمد نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری وکیل سیاست نہ کریں قانون کے مطابق بات کریں۔ بنچ نے قرار دیا کہ اب تو کچھ اور لوگ یہاں سے وہاں جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن