لیاقت قائم خانی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائمخانی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی ہے۔پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر درخواست مسترد کی۔ نیب نے استدعا کی کہ لیاقت قائمخانی سے آمدن سے زائد اثاثے کے الگ کیس میں تفتیش کرنی ہے، چھاپے کے دوران لیاقت قائمخانی کے گھر سے بڑا خزانہ برآمد ہوا تھا، لیاقت قائم خانی سے متعلق مزید ریکارڈ ملا ہے جس کی روشنی میں تفتیش کرنی ہے۔واضح رہے کہ سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو کرپشن کے الزام میں نیب نے ستمبر 2019کوحراست میں لیا تھا، کروڑوں روپے کے اثاثے، غیر ملکی کرنسی، پلاٹس، اسلحہ اور دیگر اشیا کے مالک لیاقت قائم خانی 1986 میں پہلی بار کے ایم سی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھرتی ہوئے۔کراچی میونسپل کارپوریشن سے ڈائریکٹر جنرل پارکس کے عہدے پر ریٹائر ہونے والے لیاقت علی خان قائم خانی کو 80 کی دہائی میں اس وقت کے وزیراعظم محمد خان جونیجو کی مبینہ سفارش پر کے ایم سی میں نوکری دی گئی، وہ 1986 میں 16 گریڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھرتی ہوئے۔