• news

وزیراعظم ڈیووس فورم میں شرکت کیلئے آج روانہ ہو نگے، ٹرمپ سے ملاقات ہو گی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے آج ڈیووس روانہ ہو رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم فورم کے اجلاس کے موقع پر صدر امریکہ ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دنیا کے متعدد رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تیسری ملاقات ہوگی۔ عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چئیرمین پروفیسر کلاوس شواب کی دعوت پر وزیراعظم اس فورم میں شرکت کررہے ہیں۔ نشست کا موضوع ’’پائیدار اور ہم آہنگ دنیا کے فریق‘‘ ہے۔ اس سال فورم اپنی پچاسویں سالگرہ منارہا ہے۔ اس سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے سیاسی رہنما، کاروباری ایگزیکٹوز، عالمی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندے موجودہ معاشی، جیوپولیٹیکل اور ماحولیاتی موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم عالمی میڈیا کے نمائندوں اور ایڈیٹرز سے بھی ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن