آٹا بحران کا علم نہیں لیکن پتہ ہونا چاہئے: صدر علوی
کراچی (آئی این پی) صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آٹے کے بحران کا علم نہیں لیکن پتا ہونا چاہیے، حکومت کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے خزانے کی صورت حال معلوم ہونے سے پہلے کے ہیں۔ پیر کو صدر عارف علوی نے کراچی میں این آئی سی ایچ کا اچانک دورہ کیا، انھوں نے ایک بیڈ پر پانچ پانچ بچوں کو لیٹا دیکھ کر صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی ایچ آنے کا مقصد اچانک دورہ کرنا تھا تاکہ اصل حقائق کا پتا چلایا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے لٹائے گئے ہیں جو افسوس ناک ہے، این آئی سی ایچ جیسے یونٹس سندھ میں اور بھی بننے چاہئیں، این آئی سی ایچ کو مزید 5 سو بستروں کی ضرورت ہے، انکوبیٹر جلنے کے واقعے کے بعد وزیراعظم نے مجھ سے کہا تھا کہ ہسپتالوں کا دورہ کریں، انکوبیٹر جلنے کے واقعے پر بھی تفصیلات لیں گے، 70 کے قریب انکوبیٹر ہسپتال میں موجود ہیں، 5 منٹ میں آگ تو بجھ گئی تھی لیکن بچے کی جان تو گئی، یہ اچھی بات تو نہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر یہ ہسپتال وفاق کے پاس جا رہے ہیں، منتقلی کے دوران مریضوں کو نقصان نہ ہو اس پر کار بند ہیں، مریضوں کو ہسپتال کی بہ بجائے باہر سے دوائیں لینی پڑ رہی ہیں۔، ملک بھر میں آٹے کے بحران پر صدر ڈاکٹر عارف علوی شہریوں کی پریشانی سے لا علم نکلے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آٹے کے بحران کا علم نہیں، لیکن پتا ہونا چاہیے۔