• news

طالبان افغانوں اور عالمی برادری کو دھوکہ دے رہے ہیں: نائب افغان صدر

کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان کے سیکنڈ نائب صدر سرور دانش کا کہنا ہے کہ طالبان افغان عوام اور عالمی برادری کو دھوکا دے رہے ہیں۔ کابل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرور دانش کا کہنا تھا کہ طالبان کا جنگی کارروائیاں کم کرنے کا منصوبہ حقیقی امن کو ٹالنے کا طریقہ ہے۔ طالبان جنگی کارروائیاں کم کرنے کی بات سے عوام اور عالمی برادری کو دھوکا دے رہے ہیں۔ سرور دانش نے کہا کہ طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ تو ہو سکتا ہے مگر یہ افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔ دوسری جانب افغان میڈیا کا دعویٰ ہے افغان حکومت کا اصرار ہے کہ طالبان جنگ بندی پر راضی ہوں۔ جرمن نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مارکس پوٹزل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جرمنی اگلے انٹرا افغان مذاکرات کی میزبانی کا خواہاں ہے۔ خیال رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے مذاکرات کے دوران طالبان نے امریکا کا مذاکرات کے دوران سیز فائر کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن