محمد عامر اور وہاب ریاض کو ڈراپ نہیں کرنا چاہیے تھا ، انضمام الحق
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر و کپتان انضمام الحق نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں محمد عامر اور وہاب ریاض کی عدم شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر فارمیٹ میں دونوں سب سے بہترین بائولنگ کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ان کا کہنا تھا ’’وہاب اور عامر کو سکواڈ میں ہونا چاہئے تھا کیونکہ مختصر فارمیٹ میں دونوں اپنی بہترین با?لنگ کرتے ہیں۔ اگر دونوں کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باعث نکالا گیا ہے تو یہ مسئلے سے نمٹنے کا مناسب حل نہیں کیونکہ دونوں سینئر ہیں اور سلیکٹر کو ان سے فائدہ لینا چاہئے کیونکہ ٹی 20 ورلڈکپ قریب ہے۔‘‘انضمام الحق مختصر فارمیٹ کیلئے قومی سکواڈ میں بے جا تبدیلیوں پر ناخوش نظر آئے جنہوں نے کہا ’’منتخب قومی سکواڈ کے حوالے سے کیا کہنا ہے، میں فیصلہ نہیں کر پایا لیکن اب میرا ماننا یہ ہے کہ سینئر اور جونیئرز کھلاڑیوں کے انتخاب میں توازن ہونا چاہئے تھا کیونکہ ایک ہی وقت میں 7 سے 8 تبدیلیوں کے باعث کارکردگی پر بھی فرق پڑے گا۔