• news

صنعت کار، تاجر حکومت سے سبسڈی کی بجائے کاروباری آسانیوں کا مطالبہ کریں: صدر

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی وسائل کے حوالے سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔ اگر ہم کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کریں تو ملک معاشی طور پر زبردست ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور مارکیٹنگ کے جدید طور طریقے سیکھ کر ہم ان شعبوں میں بہت آگے بڑھ سکتے ہیں۔ صدر گذشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تاجروںاور صنعت کاروں کے کان کلیو سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ کان کلیو تاجروں و صنعت کاروں کو کاروبار کیلئے سہولتوں کی فراہمی سے متعلق تجاویز دینے کیلئے منعقد کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کیلئے بہتر ہو گا کہ وہ حکومت سے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے مطالبہ کریں نا کہ سبسڈی لینے کیلئے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری منصوبوںکی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب دنیا ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی حیثیت سے تسلیم کر رہی ہے۔ گذشتہ کچھ عرصہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں اور سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے۔ ایک پڑوسی ملک نے پاکستان کو تنہا کرنے اور اس پر دبائو بڑھانے کی بڑی کوشش کی لیکن پاکستان نے اس کا مقابلہ کیا۔ صدر نے کہا کہ پاکستانی تاجروں اور صنعت کاروں کو کاروباری منصوبوں میں کھل کر سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ اس سے غیر ملکی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو حوصلہ افزائی حاصل ہو گی اور وہ بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن