• news

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کردیئے، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی

سری نگر(نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران جارحیت پسند بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جس کے بعد دو روز میں شہادتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران جارحیت پسند فوج نے فائرنگ کر کے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قابض بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے جنہیں انتہائی نازک حالت میں ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارتی سکیورٹی فورسز نے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا۔ گزشتہ روز ضلع شوپیاں میں بھی سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان کو بارودی مواد کے دھماکے سے اْڑا دیا گیا تھا، بھارتی فوج نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ براہ راست گولیوں کا نشانہ بناکر 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ اس طرح محض دو دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن