سردار مسعود کی ملاقات، فوج کشمیر کاز کی بھر پور حمایت کرتی ہے: جنرل باجواہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر آزاد کشمیر کو فوج کی طرف سے کشمیری عوام اور کشمیر کاز کیلئے بھرپور حمایت اور لگن کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آئی پی ایس آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کیساتھ ملاقات کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بطور خاص لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاکستان میں متعین اطالوی سفیر سٹیفینو پونتی کوروو نے بھی گزشتہ روز آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان میں ان کی خدمات اور بطور خاص پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو نیٹو میں ان کی نئی تقرری پر مبارک باد پیش کی۔ سٹیفینو پونتی کوروو نے خطہ میں استحکام امن اور افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی قومی کھیل ہاکی کے کھوئے ہوئے معیار کو واپس لانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب نیشنل پارک سے ملحقہ بین الاقوامی معیار کے آسٹرو ٹرف ہاکی سٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد آفیشلز کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) اور آرمی ہیریٹج فائونڈیشن (اے ایچ ایف) کا مشترکہ منصوبہ ہے اور اس سٹیڈیم کی تعمیر کے بعد یہاں قومی ہاکی چیمپیئن شپ سمیت بین الاقومی میچز کا انعقاد کیا جا سکے گا۔ آرمی چیف نے قومی کھیل ہاکی کی ترویج و ترقی میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے ایم ڈی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم اور ان کی پوری ٹیم کی خصوصی دلچسپی کو خاص طور پر سراہا۔ اس موقع پر پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس کے مابین ایک نمائشی میچ بھی کھیلا گیا جو پاکستان گرینز نے 2-1 سے جیت لیا۔ سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں ماڑی پیٹرولیم کے ایم ڈی لفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم، آرمی ہیریٹج فائونڈیشن کے ڈی جی بریگیڈیئر زمان احمد نیازی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپیئن آصف باجوہ، ماڑی پیٹرولیم کے سپورٹس کنسلٹنٹ/ ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) سلیم نواز ملک، ماڑی پیٹرولیم ہاکی ٹیم کے انچارج اولمپیئن منظور الحسن سینئر اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان منظور جونیئر سمیت ماڑی پیٹرولیم، پاکستان آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ اور آرمی ہیریٹیج فائونڈیشن کے سینئر افسران اور ہاکی کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی سٹک سے ہٹ لگا کر نمائشی میچ کا افتتاح کیا۔