• news

وفاق سندھ سے کئے وعدے پورے کرے، عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرینگے: بلاول

کراچی +دھابیجی(نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر+نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کراچی کے ساتھ گھارو کو بھی پانی فراہم کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پورے صوبے میں پانی کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں کر سکتے۔بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی پہلی ترجیح پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے، دھابیجی میں نئے پمپنگ اسٹیشن کا منصوبہ اہم ہے۔ ہزاروں کلومیٹر کی پائپ لائن بچھائی جس سے پانی کی بچت ہوئی۔ کراچی کے ساتھ گھارو کو بھی پانی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق سے مطالبہ ہے جو وعدے کیے وہ پورے کرے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کو اپنا حق دے۔ وفاق سے اپنے مطالبے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں وعدہ کیا تھا کہ ڈی سیلی نیشن منصوبے شروع کروائیں گے۔ پانی کے وزیر نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ سندھ کا پانی چوری ہو رہا ہے۔ میرے صوبے میں وفاق کی طرف سے ایک پتھر نہیں لگا۔انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت سے عوام کو حقوق دلانا ہونگے۔ طاقت کا سر چشمہ عوام ہے یہ ماننا پڑے گا ورنہ گھر جانا پڑے گا۔آئین کے مطابق جو عوام کا حق ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم اپنے حق سے زیادہ نہیں مانگ رہے۔ سندھ کے عوام ہم سے ناراض ہیں، ایک سال سے سندھ میں کرائم بڑھتے جا رہے ہیں۔ سندھ حکومت سازشوں کے باوجود کام کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن