پاکستان‘ بنگلہ ٹی ٹونٹی سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نجی کوریئر کمپنی کی 21 برانچز سے ٹکٹیں خریدنے میں مصروف ہے۔ سب سے کم مالیت کی ٹکٹ 500 روپے اور زیادہ سے زیادہ چار ہزار روپے ہے۔ ٹکٹیں حاصل کرنیوالوں میں نوجوانوں کیساتھ خواتین بھی شریک ہیں۔ ٹکٹیں خریدنے کیلئے صبح 9بجے سے سنٹرز پر شائقین کا رش لگ گیا۔ کوئی 500 کی ٹکٹ خریدنے آیا تو کسی کو 4 ہزار روپے والا ٹکٹ درکار ہے۔شائقین کرکٹ نے میچز کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ کوئی بھی ہو، خوشی اس بات کی ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ ہورہی ہے۔کسی نے پرسوں ہونے والے پہلے میچ کی ٹکٹیں خریدیں اور کہا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ واپس آئی ہے تو خوب انجوائے کریں گے ۔ بنگلہ دیش کیخلاف میچوں میں سٹیڈیم جاکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی 24، دوسرا 25 جبکہ آخری ٹی ٹونٹی 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔