تمام کھلاڑی انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ میں کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قوقی انڈر 19کرکٹرمحمد حارث کاکہنا ہے کہ انڈر 19 کرکٹ، ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کوئی بھی نوجوان کرکٹر قومی سکواڈ میں جگہ بنانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ نوجوان بلے باز کا کہنا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کیلئے اعلان کردہ قومی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے جوز بٹلر ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں اور وہ ان کی طرح مڈل آرڈر میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے خواہش مند ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے محمد حارث نے کہا کہ بچپن سے انہیں کرکٹر بننے کا شوق تھا۔ انہوں نے 9 سال کی عمر میں گلی کرکٹ کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے پروفیشنل کرکٹ کا آغاز سال 2015 میں کیا۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ وہ اس لحاظ سے اپنے آپ کو ایک خوش قسمت کرکٹر سمجھتے ہیں کہ کرکٹ کھیلنے کے لیے انہیں والد ین کی بھرپور سپورٹ تھی اور انہوں نے اس کا خوب فائدہ بھی اٹھایا۔ وہ ہر سات دن بعد اتوار کی آمد کا بے صبری سے انتظار کرتے تھے ۔