ٹی ٹوئنٹی سیریز،بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم آج لاہور پہنچے گی
لاہور(آئی این پی)پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم(آج)بدھ کو لاہور پہنچے گی۔بنگلہ دیش ٹیم (کل)جمعرات کو 3بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کرے گی، بعد ازاں مہمان ٹیم کے کپتان محموداللہ اور بابراعظم ٹرافی کی رونمائی میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم کی پاکستان آمد کا شیڈول تبدیل ہو گیاہے اور اب وہ(آج)بدھ کی رات کو لاہور پہنچے گی ۔بنگلہ دیش کی ٹیم ڈھاکہ سے براہ راست خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے گی اور جمعرات کو دو پہر 3 بجے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی ۔ مہمان ٹیم کے ہمراہ بنگلہ دیش انٹیلی جنس کے افسران بھی موجود ہوں گے۔صدر بنگلہ دیش بورڈ ناظم الحسن 23جنوری کی رات لاہور پہنچیں گے۔ جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ اکرم خان اور چیف سلیکٹر منہاج العابدین بھی ٹیم کے ہمراہ آئیں گے۔ واضح رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24، دوسرا 25 اور تیسرا 27جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔