نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ واپڈ سپورٹس کمپلیکس شروع
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام 57 ویں نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2020ء واپڈ سپورٹس کمپلیکس لاہور میں شروع ہو گئی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر و سیکرٹری انرجی محمد عامر جان تھے جنہوں نے نمائشی میچ کھیل کرافتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حاجی خالد محمود، خواجہ ادریس حیدر سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن، چیئرمین پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن محمد رزاق گل اور سیکرٹری پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن واجد علی چوہدری بھی موجود تھے۔ پہلے روز انڈر 14، انڈر 16 اور انڈر 18 کے پہلے راونڈ کے مینز اور ویمنز کے میچز کھیلے گئے۔ انڈر 14 بوائز میں مدثر، ایم احمد، طیب سبحانی، فہد خان، امان گل، اسامہ حبیب، تیمور خان، ایم سعد، زین باجوہ، عبداﷲ طاہر، فضل کریم، باصم عبداﷲ، ایم اکبر، صائم شکیل، حاشر شاہ نے اپنے اپنے حریف کھلاڑیوں کو شکست دیکر اگلے راونڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ انڈر 18 بوائز سنگلز میں فیاض الرحمان، خضر، حمزہ خان، حسیب احمد، ملک دانیال، ایم طحہ، میکائل خان، احمد عامر، ماحد بن رافع، زین العابدین، عبدالمالک، ایم عزیر، حافظ شان اﷲ، ایم زید نے پہلے راونڈ میں کامیابی حاصل کر کے اگلے راونڈ میں رسائی حاصل کی۔ انڈر 16 بوائز سنگلز میں شفیق، عمر فاروق، ایم ابراہیم کامیاب رہے۔ گرلز انڈر 16 سنگلز میں ایمن فاطمہ، کنزالایمان، حلیمہ صالیحہ، ثروت، سوہا فاطمہ، مستفیرا زاہد نے کامیابی حاصل کی۔ گرلز انڈر 18 میں ماریہ، حدیقہ، تنزیلہ خان، اقصٰی نے پہلے راونڈ میں میچز جیت لیے۔