عراق: امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
بغداد (اے پی پی+ صباح نیوز) عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب تین راکٹ گرے تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔بغداد کے گرین زون میں تین راکٹ آکر گرے جس میں سے 2 راکٹ امریکی سفارت خانے کے قریب گرے۔سکیورٹی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ گرین زون میں راکٹ ضلع ظفرنیا سے فائر کے گئے تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ راکٹ حملوں کے وقت امریکی سفارت خانے سے منسلک کمپلیکس سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کے اعلانات کئے گئے۔ بغداد کے گرین زون میں اہم سرکاری عمارتوں سمیت امریکہ اور دیگر ملکوں کے سفارت خانے ہیں اور اس علاقے کو حساس ترین علاقے کی حیثیت حاصل ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق راکٹ حملوں کے وقت امریکی سفارت خانے سے منسلک کمپلیکس سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کے اعلانات کئے گئے۔ عراقی پولیس نے بتایا کہ کٹیوشا کے تین راکٹ گرین زون کے اندر گرے ، جس میں سرکاری عمارتیں اور کئی غیر ملکی سفارت خانے موجود ہیں۔راکٹ حملوں میں کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم امریکا کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔