• news

حکومت نااہل، ہر گزرتے دن کیساتھ اقتدار پر گرفت کمزور ہو رہی ہے: سرا ج الحق

لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط کی گئی حکومت اتنی نااہل ہے کہ خو د کچھ کرنے کی بجائے اس نے پورا نظام آئی ایم ایف کے کلرکوں کے حوالے کردیا ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ حکومت کی اقتدار پر گرفت ڈھیلی پڑ رہی ہے۔ سینٹ اجلاس کے بعد پارلیمانی رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کے کہنے کے مطابق ان کی تنخواہ میں گھر کا خرچہ بھی پورا نہیں ہورہا۔ یہ وزیراعظم کی طرف سے شکست کا اعتراف ہے۔ اگر وزیر اعظم کا دو لاکھ میں گزارا نہیں ہوتا تو پندرہ بیس ہزار روپے تنخواہ لینے والے کا گزارہ کیسے ہوسکتا ہے۔ معیشت کا بیڑا غرق کرنے والی معاشی ٹیم کو وزیراعظم سلام پیش کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت اور سابقہ حکمران پارٹیوں کا عوام کے مسائل پر نہیں، اپنے مفادات پر اتفاق ہوا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ تینوں حکمران پارٹیاں اب ایک پیج پر آ گئی ہیں۔ وفاقی وزراء اعتراف کرتے ہیں کہ ضرورت سے زیادہ گندم موجود ہے جبکہ عوام کو آٹا نہیں مل رہا۔ اگر ملتا بھی ہے تو 70 روپے کلو، یہ حکمرانوں کی نااہلی نہیں تو کیا ہے۔ گیس کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے مگر لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں آتی۔ آٹے کے بعد چینی کا قیمت بحران سر اٹھا رہا ہے مگر حکمران اسی طرح غفلت کا شکار ہیں۔ پی ٹی آئی کے آنے کے بعد غربت کی شرح میں اضافہ اور معیشت کی شرح نمو میں کمی آئی ہے۔ ملک میں اب 70 فیصد لوگ روز کماتے اور روز کھاتے ہیں اور غربت کی لکیر سے نیچے لڑھک گئے ہیں۔ خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود لوگوں کو پیٹ بھر کر کھانا نہیں مل رہا۔ حکومت صرف نعرے لگا اور سبز باغ دکھا رہی ہے، عملاً کچھ کرنے کو تیار نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن