ایپکا کا مطالبات منظوری کیلئے سول سیکرٹریٹ کے باہر مظاہرہ، نعرے بازی
لاہور(سپیشل رپورٹر) ایپکا نے مطالبات پورے نہ ہونے پر سول سیکرٹریٹ کے باہر حاجی محمد ارشاد چوہدری مرکزی صدر ایپکاکے زیرقیادت مظاہرہ کیا، حاجی فضل داد، لالا محمد اسلم ، محمد یونس بھٹی، میان محسن سعید، محبوب علی بھٹی، لقمان بھٹی، سلیمان خان، میان ریاض، بشیر احمد سیال چوہدری ابو ہریرہ، شاہد محمودعباسی، میسم عباس، فہیم ایاز، طارق محمود، میان ناصر محمود، مہر طارق و دیگر قائدین لوکل گورنمنٹ کمپلیکس ساندہ روڈ سے ریلی کی صورت میں نکلے۔ ریلی میں ہزاروں ملازمین نے شرکت کی اور مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی الائونس، ہائوس ریکوزیشن اور دیگر مراعات سیکرٹریٹ کی طرز پر نہ دیئے جانا غیر منصفانہ عمل ہے اور پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین کی حق تلفی ہے۔ اس موقع پر حاجی ارشاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا سیکرٹریٹ ملازمین کو دی جانے والی مراعات پنجاب کے دیگر ملازمین کو بھی دی جائیں کیونکہ مہنگائی میں اضافہ تمام ملازمین کے لیے یکساں ہوا ہے۔ حکومتی اقدام وزیر اعظم کے دو نہیں ایک پاکستان نظریہ کے متضاد ہے۔ حاجی ارشاد نے حکومتی نمائندوں کی جانب سے مذاکرات کی دعوت مسترد کر دی۔ مظاہرین نے قرارداد منظور کرتے واضع پیغام دیا کہ آئندہ مذاکرات نہیں ہونگے جب تک ہمارے مطالبات پر نوٹیفکیشن نہیں کیے جاتے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور بھی مذاکرات کروانے میں ناکام ہوگئے۔ حاجی ارشاد نے حکومت کو ملازمین کی جانب سے کے جانے والے مطالبات پر 3دن کے اندر مطالبات پر عمل کیا جائے ورنہ باقاعدہ اور مسلسل احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا جائے گا۔