گپی گریوال دو روزہ قیام کے بعد واپس بھارت روانہ، یہاں بہت پیار ملا، جلد فیملی کے ساتھ آؤنگا: انڈین اداکار
لاہور(کلچرل رپورٹر) مقبول بھارتی گلوکار و اداکار گِپی گریوال پاکستان میں دو روز گزارنے کے بعد واہگہ بارڈرکے راستے واپس بھارت چلے گئے۔ بھارت روانگی سے قبل واہگہ بارڈر پر پرستاروں نے ان کے ساتھ تصویریں بنوائیں اور انہیں اچھی خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کا آغازگوردوارہ ننکانہ صاحب پر حاضری سے کیا تھا۔ انہوں نے پاکستانی کھانوں کے ساتھ مہمان نوازی کی بھی بے حد تعریف کی۔گِپی گریوال نے کہا کہ جب آپ باہر بیٹھ کے چیزیں سنتے ہیں تو وہ کچھ اور ہوتی ہیں جب میں لاہور خود آیا اور چیزیں دیکھیں تو بات کوئی اور تھی۔ میں تمام لوگوں کو یہی کہوں گا کہ مجھے یہاں سے اتنا پیار ملا کہ اب میں یہاںدوبارہ آئوں گا اور فیملی کو بھی لاؤں گا، میرا یہاں بہترین استقبال ہوا۔ میں کہیں بھی جانے کے لیے اتنا پْرجوش نہیں ہوا جتنا پاکستان آنے کے لیے ہوا ہوں۔ وہ کہتے ہیں’’ جہنیں لہور نئیں ویکھیا او جمیاں ای نئیں۔ میں بھی آج جم گیا ہوں۔