• news

ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: شاہ محمود

اسلام آباد /سٹاف رپورٹر/وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر امریکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے دورہ ڈیووس کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے بتایاکہ صدرٹرمپ کے ساتھ ملاقات مفید رہی۔ میں بھی ملاقات میں بھی موجودتھا۔ ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ وزیراعظم عمران خان نے ایف اے ٹی ایف سمیت اہم ایشوز اٹھائے ۔وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ایف اے ٹی ایف پر سپورٹ کا کہا اور پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بتایا۔ وزیراعظم نے صدرٹرمپ کو ٹریول ایڈوائزی میں بہتری کا کہا۔ وزیراعظم عمران خان نے تجارت کے حوالے سے بھی بات کی۔ ملاقات میں فیصلہ ہو ا کہ امریکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔ وزیراعظم نے کشمیر کی صورتحال کا خاکہ صدرٹرمپ کے سامنے رکھا۔ صدرٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کو پسندکرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا میں عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں۔ امریکی صدر کو ایران کے معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ صدر ٹرمپ سے افغانستان کے مسئلہ اور افغانستان میں امن عمل کو بھی آگے بڑھانے پر بات ہوئی۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ٹیلیفون پر بات کی اور مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت، 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ ء کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دوران گفتگو باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب کو خطے میں پائی جانے والی کشیدگی، امن وامان کی مخدوش صورتحال اور اس حوالے سے پاکستان کی طرف سے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا اور کہا کہ تمام فریقین کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے، صورتحال کو معمول پر لانے کی سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کو اپنی اولین فرست میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن