• news

کرکٹ سے محبت نے آج یہاں تک پہنچایا ـ: بابر اعظم

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، گریم سمتھ، جیک کیلس، ہاشم آملااور ڈیل سٹین جیسے کرکٹرز کو دیکھنے کیلئے روزانہ 3 میل پیدل چل کر گھر سے قذافی سٹیڈیم پہنچتے تھے۔ کرکٹ سے محبت اور اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو قریب سے دیکھنے کی لگن نے ہی انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔ اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے بیٹنگ کیلئے میدان میں جاتے وقت شائقین کرکٹ کا جوش اور ولولہ کسی بھی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔ بنگلہ دیش کیخلاف قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کرنا کیلئے اعزاز ہے ۔بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے اعلان سے لے کر اب تک وہ بہت پرجوش ہیں۔ایک طویل عرصہ پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں ممکن نہ ہونے کے اثرات بھی ہوئے۔ ان کا شمار بھی پاکستان کے ان کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کرکٹ کیرئیر کے آغاز کا زیادہ تر حصہ بیرون ملک کرکٹ کھیل کر گزارا۔ گذشتہ 10 سالوں میں دیگر ممالک کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کرکٹرز سے موازنہ کیا جائے تو ہماری مشکلات کا اندازہ ہوگا تاہم اب یہ سب ماضی کا حصہ بن چکا۔ سیریز کے لیے منتخب کردہ قومی سکواڈ بہترین سینئر اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ہوم کراؤڈ کے سامنے قومی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا جو 24 جنوری کو حقیقت کا روپ دھارے گا۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی صورت میں سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی سکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ شک قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کو گذشتہ 9 میں سے 8میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر انہیں یقین ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ، ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی بہترین ٹیم ہے اورہم اس طرز کی کرکٹ میں بہترین نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن