وزیراعلیٰ ‘ اتحادی ایک پیج پر‘ سپیکر یا گورنر سے اختلاف ہے نہ ہوگا: ترجمان پنجاب حکومت
لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب، تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ارکان میں تمام سٹیک ہولڈرز اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔ پنجاب میں تحریک انصاف کے بعض ارکان اسمبلی نے کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنایا اور فارورڈ بلاک بنانے کی باتیں بے بنیاد اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں۔ تحریک انصاف اور (ق) لیگ کے ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور آئین کے تحت اپنے اختیارات استعمال کر رہے ہیں اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی آئین کے تحت حاصل کردہ اختیارات کے تحت فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے سٹیک ہولڈرز کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے۔ اختلاف کی افواہیں پھیلانے والے عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش کر رہے ہیں۔ پنجاب کی قیادت کا تحریک انصاف یا اتحادی جماعت کے کسی رہنما یا سپیکر پنجاب اسمبلی یا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا اختلاف ہے اور نہ ہی ہوگا۔ پنجاب کی سیاسی قیادت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے اور تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ایک مضبوط و مستحکم ٹیم کی حیثیت سے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مصروف عمل ہے۔ پنجاب کے حوالے سے گمراہ کن اور شرانگیز افواہیں پھیلانے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور صوبے کی ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔