بھارت نے ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی تازہ ترین پیشکش مستردکر دیا
اسلام آباد( سپیشل رپورٹ) بھارت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے کشمیر کے مسئلہ پر ثالثی کی تازہ ترین پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پوزیشن بالکل واضح ہے کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ مسئلہ ہے اور اس معاملے کی کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی گنجائش نہیں۔ بھارتی امور خارجہ کی وزارت کے ترجمان نے جمعرات کے روز ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کی صورت حال کو خطرناک بنا کر پیش کر رہا ہے۔ بھارتی امور خارجہ کی وزارت کے ترجمان نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال پر مذاکرات کے لیے ماحول پیدا کرنا پاکستان کا کام ہے۔ بات چیت کے لیے ماحول تشدد اور دہشت گردی سے پاک ہونا چاہیے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کا مسئلہ شملہ سمجھوتے اور لاہور ڈیکلریش کے تحت حل ہونا چاہیے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے چوتھی مرتبہ ثالثی کی پیشکش کی۔ بھارت نے چوتھی مرتبہ اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔