• news

پاکستان نے دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے کیلئے واضح اقدامات کئے، دنیا اعتراف کرے: چین

بیجنگ (آئی این پی ) چین نے کہاہے کہ پاکستان نے اپنے اندرونی انسداد دہشت گردی مالی تعاون نظام کو مستحکم کرنے کیلئے عظیم کوششیں کیں اور اس حوالے سے پیشرفت انتہائی واضح ہے۔ پاکستان کی سیاسی قوت فیصلہ اور متحرک کوششوں کو عالمی برادری کی جانب سے ہمیشہ تسلیم کیا جائے گا اور وہ اس کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ امید ہے ایف اے ٹی ایف دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنے کے نظام اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف جاری کوششوں کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی تعمیری حمایت اور معاونت جاری رکھے گا۔ چین ایف اے ٹی ایف کے بامقصد، منصفانہ اور تعمیری رویے کی حمایت جاری رکھے گا اور وہ اس حوالے سے تمام متعلقہ بات چیت میں شریک رہے گا۔ جمعرات کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران پاکستانی صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ رواں ہفتے پاکستان ایکشن پلان کی رپورٹ پر غور کیلئے بیجنگ میں ایف اے ٹی ایف کا اجلاس منعقد ہوا بتائیں کہ چین کس طرح پاکستان کی پیشرفت کو دیکھتا ہے۔ اس کے جواب میں ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایشیا پیسیفک جوائنٹ گروپ اجلاس ابھی تک جاری ہے۔ اجلاس میں اس حوالے سے ہونے والے تبادلہ خیال سے متعلق مجھے کوئی معلومات نہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے کیلئے واضح اقداما کئے ہیں اور اس حوالے سے پیشرفت انتہائی واضح ہے۔ دنیا اس کا اعتراف کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی فیصلے اور متحرک کوششوں کو ہمیشہ تسلیم کیا جائے گا اور عالمی برادری اس کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن