دہشت گردی کیخلاف پرعزم، ناانصافی بڑھے تو جرائم زیادہ ہوتے ہیں: وزیر داخلہ
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) وزیر داخلہ اعجازشاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں موجود ہے،دہشتگردی اور معاشرے کے جرائم مختلف ہیں،ہمیں معاشرے میں آگاہی پھیلانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، جب تک معاشرے میں دہشت گردی کے حوالے سے آگاہی نہیں ہو گی تب تک اس کا خاتمہ ممکن نہیں۔ نئے پراجیکٹ لانچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یو این او ڈی سی کو یہ مشورہ دوں گا کہ اس فنڈ کا کچھ حصہ معاشرے میں آگاہی پھیلانے پر استعمال کیا جائے، میں نے فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی کام کیا ہے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کریمنل سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،وزارت داخلہ اس پروگرام کو کامیاب کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ حکومت اس پروگرام پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے،دہشت گردی اور جرائم میں فرق ہے،جب نا انصافی بڑھتی ہے تو معاشرے میں جرائم کی شرح بڑھتی ہے،معاشرے میں آگاہی بہت ضروری ہے۔