• news

آٹا بحران: تحقیقات شروع، میدہ کی بوری 220 روپے مہنگی، نان 15 کا کیا جائے

لاہور‘ اسلام آباد (کامرس رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی) فلور ملز مالکان نے میدے کی بوری کی قیمت میں 200 روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے میدے کی بوری کی قیمت 4500 سے بڑھ کر 4700 روپے ہو گئی ہے۔ نان بائیوں نے میدہ بوری کی قیمت میں200 اضافے پر نان کی قیمت 12 سے بڑھا کر 15 روپے کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ صدر نان بائی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے کہا ہے کہ 15 روز میں میدہ کی بوری 1200 روپے مہنگی ہوئی ہے اس لئے نان کی قیمت 15 روپے مقرر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور میدہ مہنگا ہونے سے پیداواری لاگت بڑھ گئی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے ایسوسی ایشن سے کرکٹ میچز کی وجہ سے 5 دن کا وقت لیا ہے اور 28جنوری کو نان کی قیمت پر ضلعی انتظامیہ اور نائی بائی ایسوسی ایشن کے مابین مذاکرات ہوں گے۔علاوہ ازیں دوسری طرف لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کو جمعہ کو بھی سرکاری گندم کا کوٹہ جاری نہ ہو سکا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جا نب سے چھاپوں اور مقدمے قائم کئے جانے کیخلاف لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال جاری رکھی۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبد الرحمان نے کہا ہے کہ لاہورمیں تیسرے روز بھی چکیاں مکمل بند رکھی گئیں ۔ ضلعی انتظامیہ کی جا نب سے ہمارے ممبرز پر چھاپوں اور مقدمے قائم کئے جانے کیخلاف لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے وکلاء نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔چکی مالکان گندم کے حصول کے لئے گئے تو انہیں کہا گیا ہے کہ اپنی ڈاکو منٹیشن مکمل کریں، اب صورتحال خراب ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے آٹا بحران کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے نے چاروں صوبائی زونز کو مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی، طلب و رسد اور قیمتوں سے متعلق اعداد و شمار پر مبنی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مارکیٹ سے جمع ہونے والی معلومات کے مطابق حکومتی دعوئں کے برعکس مارکیٹس میں آٹے کی طلب پوری نہیں ہو رہی، سٹورز مالکان اور دکانداروں کو آٹے کے 100 تھیلے کی ڈیمانڈ پر 15 تھیلے دستیاب ہیں۔ دوسری جانب چکیوں پر گندم دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن