پنجاب میں سی این جی سٹیشن آج سے 36 گھنٹے کیلئے کھول دیئے جائیں گے
لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے آج اور کل 26 جنوری (ہفتہ اور اتوار) کو سی این جی سٹیشنزکی گیس بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے مطابق سی این جی اسٹییشنز پر ہفتے کو صبح 8بجے سے اتوار کو رات 8بجے تک گیس دستیاب ہوگی جبکہ آئندہ گیس فراہمی کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ آٹھ بجے کھلیں گے اور (کل) اتوار کی رات 8 بجے تک 36 گھنٹے کے لئے گیس فراہم کی جائے گی۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے پنجاب اور پوٹھوہار میں 36 گھنٹے کے لئے سی این جی سٹیشنز کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں مرکزی چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشنز غیاث پراچہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اگلے ہفتے سے انشاء اﷲ 7 دن کی باقاعدہ سپلائی بحال ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیس لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرکے سٹیشن مسلسل کھولے جائیں ۔