• news

جنرل باجوہ سے جاپانی وزیر کی ملاقات، امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) جاپان کے خارجہ امور کے سینئر نائب وزیر کاناسوگی سنجی نے گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ اور جاپان کے سینئر نائب وزیر کی ملاقات میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف اور جاپان کے خارجہ امور کے سینئر وزیر نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔ مہمان وزیر نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر انہوں نے جدید ترین الیکٹرانک وار فیئر لیبارٹری اور گراؤنڈ سرویلنس ریڈار ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا افتتاح کیا۔ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن مسلح افواج کے لیے الیکٹرانک وار فیئر آلات تیار کرتا ہے۔ این آر ٹی سی الیکٹرانک آلات بنانے کا بہترین ادارہ ہے۔ اس کے علاوہ اس میں اعلیٰ قسم کے گراؤنڈ سرویلنس ریڈار بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو این آر ٹی سی میں تیار عالمی معیار کے آلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سربراہ پاک فوج نے این آر ٹی سی کی 3 سالہ کارکردگی کی تعریف کی اور اس کی جدت پسندی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن