انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ : پاکستان ‘بنگلہ دیش کا میچ بارش کی نذر
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ میں جاری انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا ۔ بارش کی وجہ سے میچ کو 37اوورز تک محدود کر دیا گیا ۔ بنگلہ دیش نے 25اوورز میں 9وکٹوں پر 106رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی ۔ بارش کا سلسلہ ختم نہ ہونے پر امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل ۔ دونوں ٹیمیں کوارٹر فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کرچکی ہیں ۔ بنگلہ دیش کے صرف تین کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے ۔ چار کھلاڑی کھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔ٹی ٹونٹی ڈیبیو کرنے والے محمد عامر خان نے چار جبکہ عباس آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ ‘بی سے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا جبکہ ڈی سے افغانستان کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے ۔ افغانستان اور کینیڈا کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا ‘ایک گیند کا کھیل بھی ممکن نہ ہوسکا۔ بھارت نے بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ کو ڈی ایل میتھڈ کے تحت چوالیس رنز سے ہرا دیا ۔ بھارت نے 23اوورزمیں 115رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کو 23اوورز میں 192رنز کا ہدف دیا گیا ‘نیوزی لینڈ کی ٹیم 21اوورز میں 147رنز پر آئوٹ ہو گئی ۔ آج ہفتہ کو آخری چار گروپ میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ جاپان اور سری لنکا ‘، دوسرا میچ سکاٹ لینڈ اور زمبابوے ، تیسرا جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات جبکہ چوتھا میچ انگلینڈ اور نائیجیریا کے درمیان کھیلا جائیگا۔