ڈرامہ سیریل’’ میرے پاس تم ہو‘‘ کیخلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور کی سول عدالت نے ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی آخری قسط کی نشریات روکنے کیلئے حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی۔سول عدالت لاہورکی سول جج نائلہ ایوب نے سماعت کی۔ ڈرامے کے ڈائریکٹر کی طرف سے میاں عرفان اکرم اور وقاص احمد عزیز ایڈووکیٹ پیش ہوئے،انہوں نے کہا کہ ڈرامہ کی آخری قسط نشر ہونی ہے۔ڈرامہ کا مقصد غیرت کے نام پر قتل کرنے کی حوصلہ شکنی ہے۔قانون کے مطابق سول کورٹ اس معاملے کی سماعت نہیں کر سکتی۔درخواست گزار کو اگر کوئی شکایت ہے تو متعلقہ فورم سے رجوع کرتے۔جو قسط نشر ہی نہیں ہوئی اس کے متعلق درخواست قانون کیخلاف ہے۔ درخواست گزارماہم کے وکیل نے کہا کہ ڈرامہ میں خواتین کی مسلسل تضحیک کی جا رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ڈرامے سے معاشرے پر برا اثر پڑنے کا امکان نہیں۔سنسر بورڈ نے بھی ڈرامے کی نمائش کی اجازت دے دی ہے۔درخواست گزار کا کیس اس موقع پر حکم امتناعی کا نہیں بنتا۔عدالت نے حکم امتناعی کی درخواست مستردکردی۔