حکومت کو خطرہ نہیں، بڑے نام خود کو وزارت اعلیٰ کا حقدار سمجھتے ہیں: شیخ رشید
لاہور+اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ‘ خبر نگار) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ملکی مسائل 2020 تک حل کر دیں گے لیکن میں پنڈی کے عوام کو مسائل کے حل کے لیے 2021 تک کا وقت دیتا ہوں۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے صرف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ایک بار پھر مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی ختم کریں گے اور عمران خان کہتے ہیں کہ ملکی مسائل 2020 تک حل ہو جائیں گے لیکن پنڈی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ پریشان نہ ہوں مسائل 2021 تک حل ہوں جائیں گے۔ ایک سوال پر اْن کا کہنا تھا کہ بڑے نام سمجھتے ہیں کہ وزارت اعلیٰ پر اْن کا حق ہے جب کہ جو کرپٹ ہو گا عمران خان کی کیبنٹ میں نہیں ہو گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی باتیں جائز ہیں جب کہ چوہدری برادران بھائیوں کی طرح ہیں اور دونوں ہی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔ دریں اثناء لاہور میں فریٹ ٹرین کے افتتاح کے موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم مارچ تک ریلوے کے پانچ ڈرائی پورٹس بحال کردیئے جائیں گے۔ بزنس مین مغل پورہ ڈرائی پورٹ کا کنٹرول سنبھالیں ہمارے افسران ان کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ میری خواہش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر آگے آئے کیونکہ بزنس چلے گا تو ریلوے چلے گی ریلوے حرکت کرے گی تو ملک ترقی کرے گا کوئی ملک ریلوے کے پیسے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ مغل پورہ ڈرائیور پورٹ اضاخیل ڈرائی پورٹ سے بھی بڑا ہے میں خود اس پر توجہ دوں گا۔ مغل پورہ ڈرائی پورٹ کا رقبہ 31 ایکڑ جس میں کورڈ ایریا 1.1 ایکڑ ہے۔ اس میں 6 شیڈ ہیں ایک وقت میں 324 ویگنز کھڑی کرنے کی گنجائش ہے، آٹھ ورکنگ لائنز ہیں اور 2 ہزار کنٹینرز ایک وقت میں ذخیرہ ہو سکتے ہیں۔ اس وقت اس کی ماہانہ آمدن ایک کروڑ تیس لاکھ کے قریب ہے جو اس کنٹینر ٹرین کے بعد 2 کروڑ ماہانہ سے تجاوز کرجائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں لاہور کے بزنس مین کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور اس ڈرائی پورٹ کو سنبھالیں۔ سی پیک کے راستے میں دنیا کی کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔