اسلام آباد، امریکی سفارت خانہ کی گاڑی سگنل توڑ کر کار سے جا ٹکرائی، خاتون سمیت 2 جاں بحق، چار زخمی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے، نیٹ نیوز) اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کی گاڑی نے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے فیصل چوک پر 2 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت نادیہ بی بی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی امریکی سفارتخانے کی ہے جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے امریکی سفارتخانے کی گاڑی کے پاکستانی ڈرائیور امجد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق سفارتخانے کی گاڑی پاکستانی ڈرائیور چلارہا تھا اور واقعہ کا مقدمہ مارگلہ تھانے میں درج کیا گیا۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔