نئے بلدیاتی نظام سے تبدیلی آئیگی، پہلے سرخرو ہوئے آئندہ بھی ہونگے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ اور رکن پنجاب اسمبلی شہباز احمد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کے لئے ٹھوس میکنزم بنایا گیا ہے۔ وزارت اعلی کا منصب عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے ۔ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔ نئے بلدیاتی نظام میںعوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوںگے۔ نئے بلدیاتی نظام سے پنجاب میں نئی تبدیلی آئے گی۔ سٹیٹس کو ختم کر کے نیا نظام رائج کریںگے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اب بھی سرخرو ہوںگے۔ عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے ۔عوامی خدمت کا سفر پوری قوت سے جاری و ساری رہے گا۔ اراکین اسمبلی سے ملاقاتوںکا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران کی سربراہی میںینگ انٹرپینورز (نوجوان بزنس مینوں) کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کاروبار کی فضاء انتہائی سازگار ہے۔ بزنس فرینڈلی حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہماری حکومت نے کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔ صنعتکاری اور سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل کو جلد نمٹایا جاتا ہے۔ فائل کو کسی جگہ بلاوجہ نہیں روکا جاتا۔ صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے 10سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں۔ 6سپیشل اکنامک زونز کی منظوری ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کے قریب قائداعظم اپیرل پارک کا افتتاح مارچ میں ہوگا۔ صوبے میں 4ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہیں۔ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوںگے۔ لاہور، سیالکوٹ موٹر وے کو گوجرانوالہ کے ساتھ لنک کرنے کا جائزہ لیںگے جبکہ فیروزپور روڈ پر لگی انڈسٹریز کو ریگولر کرنے کے حوالے سے قواعد و ضوابط کے مطابق اقدامات کریںگے۔کاروباری سرگرمیاں تیزکرنے کے عمل میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ ہم صنعتکار دوست ماحول کو پروان چڑھائیںگے۔ نیا پاکستان ترقی کی طرف جا رہا ہے، نیا پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے اوپن ہے۔ سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل روایتی نظام کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔ نوجوان بزنس مین آگے بڑھیں اورپنجاب میں مزید سرمایہ کاری کریں، حکومت ہر ممکن سپورٹ کرے گی۔ ینگ بزنس مینوںنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مختصر عرصے میں زبردست کام کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کرونا وائرس کے بعض مشتبہ کیس سامنے آنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ صحت اور صوبائی انتظامیہ کو کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت اوردیگر متعلقہ ادارے کرونا وائرس کے حوالے سے چوکس رہیںاورکرونا وائرس سے بچائو کیلئے تمام ضروری اقدامات فی الفور اٹھا ئے جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید ہدایت کی کہ عالمی ادارہ صحت کی وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اورعوام کوکرونا وائرس سے بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔ مشتبہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔