حکومت نے کرپٹ عناصر سے سمجھوتہ نہیں کیا، اب تک بدعنوانی کا الزام نہیں: شاہ محمود
ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے غاصبانہ اقدامات کی بدولت بھارت کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ عالمی دنیا 80لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی ظلم و ستم سے نجات دلائے۔ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین پامالی روکی جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کروانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے اور عالمی دنیا مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ موجودہ حکومت امسال 5فروری یوم کشمیر ایک نئے جوش ولولہ سے منائیگی۔ 5فروری کو پوری قوم کشمیر کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت 56سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔ سلامتی کونسل نے اپنے حالیہ اجلاس میں ایک بار پھر پاکستانی موقف کی تائید کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرارادوں کے مطابق حل کیا جائے۔خطے میں امن نہ صرف ہماری خواہش ہے بلکہ ترجیح بھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156میں مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں سے ملاقات‘ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا سعودی عرب بااعتماد دوست ہے ایران دوست بھی ہے اور ہمسائیہ بھی ہے۔ ہماری خواہش ہے دونو ںکے درمیان مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔ افغانستان میں امن کیلئے ہمارے اقدامات کو عالمی دنیا سراہ رہی ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان سمیت پورے خطے میں امن ہوگا۔ خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت نے کرپشن اور کرپٹ عناصر سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ کرپشن پر زیرو ٹالرنس اور احتساب بلا امتیازہماری پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا الحمد للہ ہماری حکومت پر ابھی تک کرپشن کا کوئی الزام سامنے نہیں آیا اور نہ آئیگا۔ سابقہ ادوار میں کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھا۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کو سراہا ہے۔