• news

کرونا وائرس تیزی کیساتھ پھیل رہا: صدر شی جن پنگ، چین سے امریکی، سعودی شہریوں کو انخلا کی ہدایت

واشنگٹن ، اسلام آباد، ملتان (نوائے وقت رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، نامہ نگار، بی بی سی، سپیشل رپورٹر) چین میں پھیلے پْراسرار کرونا وائرس کے خطرے کے باعث امریکہ نے چین میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر نکلنے کی ہدایت کر دی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ہدایت کی کہ چین میں مقیم امریکی شہری جلد چین سے نکل جائیں۔ خصوصی پرواز کا انتظام کیا جا رہا ہے، جو منگل کو چین کے شہر ووہان سے روانہ ہو گی۔ ترجمان کا بتانا تھا کہ ووہان سے امریکی شہریوں کو سان فرانسسکو لایا جائے گا۔ سعودی عرب نے مہلک وائرس کرونا سے متاثرہ چین کے شہر ووہان میں موجود اپنے شہریوں کو انخلاء کی ہدایت کی ہے اور ان سے کہا ہے وہ اس سلسلے میں بیجنگ میں سعودی سفارت خانے سے رابطہ کریں۔ چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ حکام کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فوری ایکشن لینا پڑا جس کے نتیجے میں کم از کم 56 افراد ہلاک ہوگئے۔ چین میں نئے قمری سال کی چھٹی کے موقع پر مزید سفری گزر گاہیں بند کردی گئی ہیں۔ چینی صدر نے کہا جب تک ہمارے پاس مستقل اعتماد ہے، ایک ساتھ مل کر کام کریں گے، سائنسی روک تھام اور علاج اور اس حوالے سے پالیسیاں موجود ہیں ہم یقینی طور پر یہ جنگ جیتنے کے قابل ہوں گے۔ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ووہان کے حکام راتوں رات ایک دوسرا نیا ہسپتال قائم کریں گے جس میں ایک ہزار 3 سو نئے بستر ہوں گے۔ ’کرونا‘ وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد دنیا بھر میںبڑھ کر 2 ہزار سے زائد ہوگئی۔ یہ مرض اگرچہ پہلی بار سامنے نہیں آیا تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس مرض کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے واضح امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس وائرس میں مبتلا انسان کا نظام تنفس متاثر ہوتا ہے اور اسے سانس میں تکلیف سمیت گلے میں سوزش و خراش بھی ہوتی ہے اور اس وائرس کی علامات عام نزلہ و زکام یا گلے کی خارش جیسی بیماریوں سے الگ ہوتی ہیں۔ اس وائرس کا اب تک کوئی بھی علاج موجود نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر اور دیگر دوائیوں کی مدد سے اس پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ چین کے شہر ووہان میں زیرتعلیم تمام طلبا کرونا وائرس سے محفوظ ہیں، پاکستانی سفارتخانہ صورتحال مانیٹر کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ176پاکستانی طلبا چین کے شہر ووہان میں زیرتعلیم ہیں، اس سلسلے میں میرا چین میں پاکستانی سفیرسے رابطہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ چینی شہر ووہان سے پھیلنے والے کروناوائرس سے تاحال 11ممالک متاثر ہوچکے ہیں، چین میں ہلاکت خیز کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ نویل کرونا وائرس کا شبہ، چائنا سے واپس آنے والے ملتان کا رہائشی نشتر ہسپتال منتقل آئی سو لیشن وارڈ میں داخل کر کے نمونے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوا دئیے گئے، شبہ میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 2 ہو گئی، پہلے سے شبہ میں زیر علاج چینی شخص تیزی سے صحت مندی کی جانب گامزن ہے۔ رپورٹس کا انتظار تفصیل کے مطابق گزشتہ روز نویل کرونا وائرس کے شبہ میں ملتان کے رہائشی 28 سالہ رحمت اللہ کو نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈ منتقل کر کے نمونے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوا دئیے گئے۔ فرانس اور جاپان نے بھی چین سے اپنے شہریوں کے انخلاء کا فیصلہ کیا ہے۔ چین میں کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے چینی حکام نے عوام کی نقل و حمل محدود کردی ہے اور پاکستانی سفارتخانے نے بھی اپنے شہریوں سے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جن پاکستانیوں کے ویزے کی میعاد ختم ہورہی ہے ان کے ویزوں میں بھی توسیع کی جارہی ہے۔ ووہان شہر میں پاکستانیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محکمہ صحت سے مکمل تعاون کریں اور چینی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن