صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نظام الحسن پاکستان میں سکیورٹی انتظامات سے مطمئن
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن پاکستان میں سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں اور انہوں نے بنگلہ دیشی ٹیم کو فراہم کی جانیوالی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کی اہلیہ پاکستان سے روایتی ملبوسات اور بناؤ سنگھار کی چیزیں خریدنے کی بھی خواہشمند ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے پاکستان کیساتھ کرکٹ سیریز کے ابتدائی مرحلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ پی سی بی نے دوسرے ٹونٹی ٹونٹی میچ کے بعد نظم الحسن اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں اولڈ سٹی کے ایک مشہور ریستوران میں عشائیے کا اہتمام کر رکھا تھا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران اپنی بیگمات کے ہمراہ شریک تھے جبکہ نظم الحسن اور ان کی اہلیہ کے پاکستانی دوستوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ "پاپن بھائی" کی عرفیت رکھنے والے نظم الحسن اور ان کی اہلیہ دیرینہ دوستوں سے ملاقات کے موقع پر خاصے خوش دکھائی دے رہے تھے۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کی اہلیہ نے روایتی ملبوسات اور بناؤ سنگھار کی ضروری چیزیں خریدنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تاہم انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ وقت کی کمی کیوجہ سے شاپنگ کیلئے جانا ممکن نہیں ہے آئندہ ماہ راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میچ کے دوران دوبارہ پاکستان آنے پر شاپنگ کیلئے جاؤں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے نظم الحسن اور ان کی اہلیہ نے پاکستانی کھانوں کی تعریف بھی کرتے ہوئے کہا بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔