چیف آف آئیر اسٹاف گولف چیمپئن شپ احمد بیگ نے جیت لی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)ملک کی سب سے بڑی 39ویں چیف آف دی ائیر اسٹاف اوپن گالف چیمپین شپکے چوتھے راؤنڈ میں احمد بیگ اور محمد منیر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا،لیکن احمد بیگ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپین شپ اپنے نام کر لی۔ احمد بیگ 278اسکور(10 انڈرپار) کے ساتھ پہلے نمبر کے حقدار بنے۔ جبکہ دفاعی چیمپین محمد شبیر اقبال اور محمد منیر نے 286 اسکور (2انڈرپار) کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن اور محمد عالم نے 288 اسکور (پار) کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 39ویں چیف آف دی ائیر اسٹاف اوپن گالف چیمپین شپ کی بر وقار اختتامی تقریب ائیرمین گالف کورس پی اے ایف کورنگی کریک میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیف آف دی ائیر اسٹاف پاکستان ائیر فورس تھے۔ مہمان ِ خصوصی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انتظامی کمیٹی اور ائیر مین گالف کورس کے تمام عہدیداروں کو چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ دوسرے کھیلوں کے ساتھ ساتھ گالف کو بھی فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا، جس نے اس چیمپین شپ کی بھرپور انداز میں کوریج کی۔ امیچورکیٹیگری میں زبیر حسین نے 215 اسکور (1انڈرپار) کے ساتھ پہلی جبکہ تیمور خان نے 226 اسکور (10 اوورپار) کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ لیڈیز گراس کیٹیگری میں دانیا سید نے عمدہ کھیل پیش کر کے 83گراس اسکور (11 اوورپار (کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ ہمنا امجد نے 84 گراس اسکور (12 اوورپار) کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے ساتھ نیٹ کیٹیگری میں ابہیاسید نے 75 نیٹ اسکور (3اوورپار) کے ساتھ پہلی پوزیشن اورآنیہ فاروق نے 83 نیٹ اسکور (11اوورپار)کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔مہمانِ خصوصی نے شہباز مسیح کو 'ہول ان ون 'کرنے پر نئیToyota Avanza گاڑی کی چابی بطور انعام پیش کی۔