ریڈیو پاکستان پر نئے کمنٹیٹرز کو موقع ملنا خوش آئند ہے:محمد ادریس
لاہور (نمائندہ سپورٹس) سینئر کرکٹ کمنٹیٹر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوران ریڈیو پاکستان پر نئے کمنٹیٹرز کو موقع ملنا خوش آئند ہے۔ اب تک کھیلے جانے والے دونوں میچوں میں نئے کمنٹیٹرز نے اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں نبھائی ہیں۔ نئی آوازیں اچھی ہیں۔ انہیں کھیل کی سمجھ بوجھ بھی ہے اور منظر کشی کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ریڈیو پر اردو کمنٹری کی بحالی اور اس کے فروغ کیلئے نئے کمنٹیٹرز کے لیے مواقع فراہم کرنا نہایت ضروری ہے۔ نئے آنیوالے نوجوانوں کی درجہ بندی کرنے اور انہیں مناسب معاوضہ دینے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور صلاحیتوں کے اظہار کے مناسب مواقع ہی ریڈیو پاکستان کی براہ راست کمنٹری میں جان ڈال سکتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے دوران اور بیرون ملک کھیلے جانے والے کرکٹ میچوں کے دوران بھی ریڈیو کمنٹری کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان اور ریڈیو پاکستان کے اعلیٰ حکام کو اس حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔